انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے مہنگائی کے ستائے پاکستانی عوام کے لیے بڑی خوشخبری سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے متعلق ملکی رپورٹ جاری کردی۔جس میں کہا گیا کہ پاکستان میں مہنگائی بتدریج کم ہوگی، آئی ایم ایف پروگرام کی وجہ سے پاکستان کی معیشت میں بہتری آئی تاہم استحکام کے باوجود پاکستانی معیشت کو شدید خطرات کا سامنا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ معاشی استحکام کے ساتھ معتدل شرح نمو واپس آئی ہے، پاکستان کی معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، مضبوط اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے پالیسی اصلاحات جاری رکھی جائیں۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے مالی اہداف پر سختی سے عمل درآمد اور غریبوں کے تحفظ، ساختی اصلاحات پر زور دیا۔
رپورٹ کے مطابق، دوسرے، حتمی اقتصادی جائزے کی تکمیل پاکستانی حکام کی جانب سے مارکیٹ پر مبنی شرح مبادلہ کی پالیسی کو برقرار رکھنے کے لیے مضبوط پالیسی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے کہا کہ پاکستان کے معاشی استحکام کے آثار مضبوط ہیں، اقتصادی ترقی کی شرح رواں سال 2 فیصد اور آئندہ سال 3.5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے۔
اسی طرح رواں سال مہنگائی کی شرح 29.2 فیصد کے ہدف کے مقابلے میں 24.8 فیصد رہے گی، جبکہ آئندہ مالی سال مہنگائی میں 12.1 فیصد نمایاں کمی متوقع ہے، جبکہ بیروزگاری کی شرح 8 فیصد اور اگلے سال 7.5 فیصد رہنے کی توقع ہے۔