انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) حکام نے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کے فروغ کیلئے اہم تبدیلیاں کرنے کا منصوبہ بنالیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شائقین میں کرکٹ کے کھیل کو زیادہ سے زیادہ مقبول کرنے کیلئے فلڈ لائٹس ٹیسٹ میچز کو یقینی بنانا اہم قرار دیا ہے، حکام کا موقف ہے کہ پنک بال کرکٹ سے نہ صرف گراونڈز آباد ہوں گے بلکہ ٹکٹوں کی فروخت سے آمدن بھی بڑھ سکتی ہے۔
آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہر ملک کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کو مل سکے، اس وقت نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلا دیش، کچھ حد تک پاکستان کو صرف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کو مل رہی ہے۔ جس سے یہ خیال کیا جا رہا ہے کہ ٹیسٹ میچز دیکھنے والوں کی تعداد میں کمی ہورہی ہے جس سے سیریز ڈرا ہونے کا زیادہ امکان رہتا ہے۔
اس کے برعکس انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا کم ازکم 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیل رہے ہیں، جس سے ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پوائنٹس کی تقسیم میں تفریق پیدا ہوتی ہے۔
اسی طرح ون ڈے کرکٹ فارمیٹ میں 2 گیندوں کے استعمال کو ابتدائی 25 اوورز تک محدود کرنے کا بھی سوچا جا رہا ہے تاکہ آخری اوورز میں گیند تھوڑا پرانا ہوجائے اور بالرز کو بھی مدد مل سکے۔