مشہور اداکار آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان تعلقات کے بارے میں حالیہ انکشافات نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
ٹی وی میزبان مدیحہ نقوی نے ایک مارننگ شو کے دوران اشارہ دیا کہ آغا علی اور حنا الطاف اب ایک دوسرے کے ساتھ نہیں ہیں۔
آغا علی اور حنا الطاف کی شادی مئی 2020ء میں ہوئی تھی، اور دونوں نے مختلف پروجیکٹس میں ایک ساتھ کام بھی کیا۔
تاہم، ان کی شادی کے بعد کچھ عرصے سے ان کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔
آغا علی نے 2022 ءمیں ایسی خبروں کو مسترد کیا تھا، لیکن پھر بھی ان کے تعلقات کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری رہیں۔
مدیحہ نقوی نے حالیہ مارننگ شو میں انکشاف کیا کہ آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان تعلقات اب ختم ہو چکے ہیں۔
تاہم، انہوں نے واضح طور پر اس بات کی تصدیق یا تردید نہیں کی کہ ان کی طلاق ہو چکی ہے یا نہیں۔
اس انکشاف پر اداکارہ ونیزہ احمد نے حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ اس حقیقت سے بے خبر تھیں۔
اس موقع پر شگفتہ اعجاز نے سوال کیا کہ کیا تعلقات ختم ہونے کے بعد آغا علی نے دوسری شادی کی ہے؟ جس پر مدیحہ نقوی نے نفی میں جواب دیا۔
مدیحہ نقوی کی جانب سے کیے گئے انکشافات نے سوشل میڈیا پر صارفین کے درمیان ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے، جس میں بعض افراد نے قیاس کیا ہے کہ شاید آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان طلاق ہو چکی ہے، جبکہ دیگر افراد ابھی بھی اس معاملے کی حقیقت جاننے کے منتظر ہیں۔