پاکستان کی شان، فخر پاکستان، جیولین تھرور ارشد ندیم جہاں اولمپک میں گولڈ میڈل جیت کر اور ریکارڈ قائم کر کے مثال بن گئے وہیں انہوں نے ملک و قوم کا سر بھی فخر سے بلند کردیا۔
پاکستان کو گولڈ میڈل جتانے کے کارنامے کے ساتھ ہی ارشد ندیم کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا ہے جس میں سب ان کی تعریفوں کے پل باندھتے نظر آرہے ہیں۔
باقی لوگوں کی طرح پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف بھی شامل ہیں جنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پوسٹ شیئر کی جس میں 2 تصاویر بھی تھیں، اور ساتھ میں ارشد ندیم کو مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے لکھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے مبارکبادی پیغام میں لکھا کہ بہترین ارشد، تاریخ رقم، پاکستان کے پہلے اولمپک مینز جیولین چیمپئن، ارشد ندیم پیرس اولمپک میں تاریخی گولڈ میڈل گھر لے آئے، نوجوان آپ نے پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں ۔
شہبازشریف کا پوسٹ شیئر کرنا ہی تھا کہ وہ سوشل میڈیا صارفین کے شدید غصے کا باعث بنا، جس کے بعد سے شہبازشریف کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے شیئر کردہ پوسٹ نہیں بلکہ جاری کردہ تصویرصارفین کو اشتعال دلانے کا سبب بنیں۔
وزیراعظم پاکستان کے اکاؤنٹ سے تہنیتی پیغام کے ساتھ جو 2 تصاویر شیئر کی گئیں ان میں سے ایک ارشد کی خوش ہوتے ہوئے تنہا تصویر تھی جبکہ دوسری تصویر وہ تھی جس میں شہبازشریف ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دیتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
مذکورہ تصویر شیئر کرنے پر صارفین نے شہباز شریف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا، معروف انگریزی روزنامے کے سابق ایڈیٹر عباس ناصر نے لکھا کہا کہ مجھے یقین ہے کہ شہباز شریف کو علم نہیں کہ کون بے وقوف ان کا اکاؤنٹ چلا رہا ہے، یہ بہت بری حرکت ہے، خاص کر اس دن جب یہ نوجوان ملک کے لیے فخر کا باعث بنا ہے، شرمناک۔
ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کو مشورہ دیا کہ مہربانی کر کے یہ تصویر سوشل میڈیا سے ڈیلیٹ کر کے اپنے آپ کو اب شرمندہ ہونے سے بچائیں، تصویر کے بجائے صرف مبارکباد دیتے تو بہت ہوتا۔
ایک اور صارف نے لکھا کہ وزیراعظم کا آفس ارشد ندیم کو 10 لاکھ روپے دینے کی تصویر سے بہتر تصویر منتخب کرسکتا تھا، یہ ان کے کارنامے کی توہین ہے جسے آپ کے چیک سے تولا جارہا ہے ۔
مزید سوشل میڈیا صارفین نے شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ وزیراعظم کی ذہنیت دیکھیں، آپ نے اسے 10 لاکھ روپے کا چیک دیتے ہوئے کی تصویر کیوں اپلوڈ کی؟ یہ ناقابل فہم اور شرمناک عمل ہے۔
خرم انصاری نامی صارف نے مشورہ دیا کہ وزیراعظم صاحب کم از کم مبارکباد تو باوقار طریقے سے دیں، اتنی معمولی رقم کا چیک دینے کی اس تصویر کو ڈیلیٹ کردیں، اس نوجوان نے جو کیا ہے وہ بے مول ہے، انہیں تمغہ نشانِ امتیاز کے لیے نامزد کریں ۔
ارسلان خان نامی صارف نے لکھا کہ آپ کو شرم آنی چاہیے، دنیا کو یہ دکھاتے ہوئے کہ ایک دفعہ آپ نے انہیں ان کی بہترین کارنامے پر 10 لاکھ روپے دیے تھے جس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں، یہ ارشد ندیم اور قوم کی توہین ہے، آپ بہت بے وقوف اور خود غرض ہیں ۔
ان کے علاوہ بھی متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اس تصویر پر برہمی کا اظہار کیا جس کی ایک جھلک یہاں دیکھی جاسکتی ہے۔