افغانستان نے پہلی بار ایمرجنگ ایشیا کپ اپنے نام کر لیا

عمان میں منعقد ہونے والے ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ ٹی 20 کے فائنل میں افغانستان اے ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا اے کو یکطرفہ مقابلے میں شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
عمان کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس فائنل میچ میں سری لنکا اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،مگر افغان باؤلرز نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے ان کے بیٹرز کو زیادہ رنز بنانے کا موقع نہ دیا۔

سری لنکا اے کی جانب سے نمایاں کھلاڑی ساہان اراچچیگے رہے جنہوں نے 47 گیندوں پر 64 رنز بنائے۔نیمیش ویموکتھی اور پاوان راتھنائیک نے بھی بالترتیب 23 اور 20 رنز کا اضافہ کیا جس کی بدولت سری لنکا اے نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔

دوسری جانب افغانستان کی جانب سے بلال سمیع نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں،جبکہ اللہ غضنفر نے بھی 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

138 رنز کے تعاقب میں افغانستان کے بیٹرز نے عمدہ کھیل پیش کیا۔صدیق اللہ اتل نے ناقابلِ شکست 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی،جبکہ کریم جنت نے 33 اور درویش رسولی نے 24 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

افغانستان نے 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔سری لنکا اے کی جانب سے ساہان، ایشان مالنگا، اور دوشان ہیمانتھا نے ایک ایک وکٹ لی۔

واضح رہے کہ اس ایمرجنگ ایشیا کپ میں پاکستان،بھارت سمیت ایشیا کی 8 ابھرتی ہوئی ٹیموں نے شرکت کی۔

Leave a Comment