وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں مستحق اقلیتی افراد کو مینارٹی کارڈ دیں گے، تین ماہ میں ان کو مینارٹی کارڈ کے ذریعے 10 ہزار روپے ملیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیوالی کی تقریب میں ہندو برادری کے ارکان کو خوش آمدید کہتی ہوں، تمام ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کرتی ہوں، ہم کسی تفریق کے بغیر سب پاکستانی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ دیوالی پر ہر طرف محبت کے چراغ جل رہے ہیں، دیوالی کا چراغ جلایا، یہ محبت اور دلوں کو قریب لانے کا چراغ ہے، نواز شریف کہتے تھے اقلیتیں بھی ہمارا حصہ ہیں، پہلی تقریر میں کہا اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے 20 دسمبر کو اقلیتوں کیلئے کارڈ متعارف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کا ہر تہوار دل سے ملکر منایا، ہمارے درمیان کوئی تفریق نہیں ہے، اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے فنڈ کو دگنا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسموگ سیاسی نہیں، انسانی مسئلہ ہے، اسموگ کے خاتمے کیلئے بھارت کے ساتھ سفارتکاری کرنا ہوگی