پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کے پہلے میچ میں شان مسعود کو کپتان برقرار رکھا ہے جبکہ بائیں ہاتھ کے سپنر نعمان علی کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرلیا۔
باؤلنگ آل راؤنڈر عامر جمال کمر کی چوٹ سے صحت یاب ہو گئے اور انہیں پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ 15 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ نعمان علی پاکستان کے لیے دوسرے سپیشلسٹ سپن آپشن ہوں گے، جو ابرار احمد کے ساتھ ابتدائی ٹیسٹ کے لیے نامزد سکواڈ میں شامل ہیں۔
پاکستان انگلینڈ کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر خرم شہزاد کو شامل نہیں کر سکا، جو بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے دوران دائیں جانب لگنے والی چوٹ سے صحت یاب نہیں ہو سکے تھے۔ سلیکٹرز نے فاسٹ بولر محمد علی اور مڈل آرڈر کے بلے باز کامران غلام کو بھی شامل نہیں کیا، جو بنگلہ دیش سیریز کے دوران پاکستانی سکواڈ کا حصہ تھے۔
انگلینڈ کی ٹیم 2 اکتوبر کو ملتان پہنچے گی اور وہاں 7 سے 19 اکتوبر کے درمیان لگاتار ٹیسٹ میچز ہوں گے جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ راولپنڈی میں 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ اس سے قبل جاری کردہ شیڈول کے مطابق کراچی میں ایک میچ ہونا تھا لیکن سٹیڈیم کو اگلے سال کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کے سکواڈ کا ملتان میں پری سیریز ٹریننگ کیمپ یکم اکتوبر سے شروع ہوگا۔ یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے جس میں انگلینڈ چھٹے نمبر پر ہے اور پاکستان آٹھویں نمبر پر ہے۔2021 میں جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد سے پاکستان کو ہوم گراؤنڈ پر مشکلات کا سامنا ہے اور وہ ایک ٹیسٹ میچ بھی نہیں جیت سکا