بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا کی کوچن سے لندن جانے والی پرواز میں بم کی اطلاع موصول ہونے پر بھارتی حکام نے فوری طور پر پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ایئر انڈیا کی یہ پرواز جیسے ہی پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئی تو احمد آباد میں موجود بھارتی ایئر ٹریفک کنٹرول نے کراچی کے ایئر ٹریفک کنٹرول سے مدد طلب کی۔
بھارتی حکام نے بتایا کہ طیارے میں بم کی اطلاع موصول ہوئی ہے،جس کے بعد پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولر نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بھارتی کپتان سے ریڈیو کمیونیکیشن کے ذریعے رابطہ کیا۔
بھارتی کپتان نے ساری صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد طیارے کی پرواز کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا اور بم کی اطلاع کے باوجود پرواز کو منزل کی جانب برقرار رکھا۔
دوسری جانب پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولر نے بھارتی طیارے کی محفوظ طریقہ کار سے رہنمائی کرتے ہوئے اسے پاکستان کی فضائی حدود سے بحفاظت نکالا، بعد ازاں ایئر انڈیا کی پرواز افغانستان کی حدود میں داخل ہو گئی۔
واضح رہے کہ اس سارے واقعے کے دوران پاکستانی اور بھارتی حکام کے درمیان موثر رابطے نے ایک ممکنہ خطرناک صورت حال کو بہتر طور پر سنبھالنے میں مدد دی