اے این پی کے رہنما متوکل خان ٹریفک حادثے میں جاں بحق

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق ٹکٹ ہولڈر برائے رکن صوبائی اسمبلی متوکل خان ایڈووکیٹ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ رہنما عوامی نیشنل پارٹی اور خیبرپختونخوا کے ضلع شانگلہ سے سابق امید وار برائے صوبائی اسمبلی متوکل خان ایڈووکیٹ کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، متوکل خان ایڈوکٹ کی گاڑی کو حادثہ یونین کونسل رانیال کے علاقہ سانگڑئی میں پیش آیا ۔

حادثے میں ایڈووکیٹ متوکل خان موقع پر جان کی بازی ہار گئے جبکہ ان کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹیم جائے وقوعہ پہنچی لیکن ٹیم کے پہنچنے تک متوکل خان دم توڑ چکے تھے، ریسکیو ٹیم نے ایڈووکیٹ متوکل خان کے جسد خاکی اور زخمی ڈرائیور کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا ۔

عوامی نیشنل پارٹی ذرائع کے مطابق مرحوم متوکل خان ایڈووکیٹ کی نماز جنازہ ہفتہ کے روز صبح 11 بجے ان کے آبائی علاقے شاہ پور شانگلہ میں ادا کی جائے گی۔

اے این پی قیادت کی جانب سے ایڈووکیٹ متوکل خان کی ناگہانی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کے بلندی درجات اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی ہے، اے این پی نے متوکل خان کی اچانک وفات کو پارٹی کیلئے بڑا سیاسی نقصان قرار دیا ہے

Leave a Comment