آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمینز کا کہنا ہے کہ بابر اعظم ہمارے لئے ایک ڈراؤنے خوب کی طرح ہیں۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمینز نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز بابر اعظم کے بارے میں کہا کہ بابر اعظم وہ کھلاڑی ہے جو ہمارے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن چکے ہیں، ہم ہمیشہ اس بارے میں بات کرتے ہیں کہ پاکستان نے اس لیول کا کھلاڑی کیسے پیدا کیا۔
بابراعظم کی آسٹریلیا کیخلاف پرفارمنس
بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف اپنے کیریئر کے دوران متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کے اعداد و شمار یہ ثابت کرتے ہیں کہ وہ ایک خطرناک بلے باز ہیں، بابر نے مختلف فارمیٹس میں آسٹریلیا کے خلاف زبردست رنز بنائے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ
ٹیسٹ کرکٹ میں بابر اعظم نے کینگروز کے خلاف کل 13 میچ کھلیے، انہوں نے اپنی 25 اننگز میں 38 اعشاریہ 54 کی اوسط سے کل 925 رنز سکور کیے اور ایک بار ناقابلِ شکست بھی رہے، بابر نے 51 اعشاریہ 70 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ کھیلتے ہوئے 2 سینچریاں اور 4 نصف سینچریاں بھی سکور کیں، ان کا سب سے بڑا انفرادی سکور 196 رہا۔
او ڈی آئی:
ون ڈے انٹرنیشنل میں بابراعظم نے آسٹریلیا کے خلاف کل 10 میچز کھیلے جن میں انہوں نے 606 رنز سکور کیے، اس دوران ان کی اوسط 67 اعشاریہ 33 کی رہی، انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 3 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں بھی سکور کیں، ان کا آسٹریلیا کے خلاف سب سے بڑا انفرادی سکور 114 رنز تھا۔
ٹی 20 آئی:
ٹی 20 انٹرنیشنلز میں بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف کل 8 میچز کھیلے جن میں انہوں نے 383 رنز سکور کیے، انہوں نے 63 اعشاریہ 83 کی اوسط سے کھیلتے ہوئے 5 نصف سینچریاں بنائیں اور وہ 2 بار ناقابلِ شکست بھی رہے۔
بابر کی بلے بازی کا انداز نہ صرف خوبصورت ہے بلکہ ان کی تکنیک اور مزاج بھی انہیں دوسروں سے ممتاز کرتا ہے، ان کی شاندار اننگز نے کئی اہم میچز میں پاکستان کو فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا، خاص طور پر 2019 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں جہاں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف سنچری سکور کی تھی۔
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمینز نے بھی بابر کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی مہارت اور مستقل مزاجی کو ایک چیلنج قرار دیا،
دوسری جانب بابر اعظم اپنی کامیابی کا راز اپنی محنت اور تیاری میں سمجھتے ہیں۔ اس بارے ان کا کہنا ہے کہ ہر ٹیم کی اپنی طاقت اور کمزوریاں ہوتی ہیں، میں کوشش کرتا ہوں کہ ان کا جلد از جلد اندازہ لگا سکوں تاکہ بہترین کارکردگی پیش کر سکوں، ان کی محنت نے انہیں دنیا کے بہترین بلے بازوں کی صف میں سرفہرست لا کھڑا کیا ہے۔
بابر اعظم اور ٹیم پاکستان آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں، اس سیریز میں بابر اعظم توجہ کا مرکز ہوں گے کیونکہ ان سے فینز نے کافی امید لگائی ہوئی ہیں اور کافی عرصے سے انہوں نے کوئی غیر معمولی کارگردگی نہیں دکھائی، بابر کی صلاحیتیں اور ریکارڈ آسٹریلین باؤلنگ اٹیک کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف 3 میچوں کی سیریز کا پہلا ون ڈے 4 نومبر بروز پیر میلبرن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے، پاکستانی ٹیم پہلی مرتبہ وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترے گی