ویرات کوہلی بھارتی کرکٹ ٹیم کے سپر اسٹار ہیں جنہوں نے کئی ریکارڈ بنا رکھے ہیں لیکن ایک ایسا اچھوتا ریکارڈ ہے جو شاید کوئی نہ توڑ سکے۔ ویرات کوہلی کی پہچان دنیا کے بہترین بلے باز کے طور پر ہے لیکن انہوں نے کرکٹ کی تاریخ کا جو نا قابل یقین ریکارڈ بنایا ہے وہ اپنے بلے سے نہیں بلکہ بولنگ سے بنایا ہے۔
ویرات کوہلی دنیائے کرکٹ کے وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہیں بغیر کوئی گیند کرائے وکٹ حاصل کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔یہ سال 2011 میں انگلینڈ کے خلاف میچ تھا جب ویرات کوہلی نے کوئی آفیشل گیند پھینکے بغیر انگلش بیٹر کیون پیٹرسن کی وکٹ حاصل کر لی تھی۔ہوا کچھ یوں تھا کہ کوہلی نے گیند کرائی جو وائیڈ تھی۔ اس کو پیٹرسن نے کریز سے باہر نکل کر کھیلنے کی کوشش کی لیکن اپنی کوشش میں ناکام رہے، گیند مِس ہو کر وکٹوں کے پیچھے کھڑے دھونی کے پاس گئی اور انہوں نے اسٹمپ کرنے میں لمحے بھر کی تاخیر نہ کی۔دنیائے کرکٹ میں ایک سے بڑھ کر ایک بولرز گزرے ہیں لیکن یہ ایسا ریکارڈ ہے جو شاید ہی آنے والے وقت میں کوئی کرکٹر توڑ سکے۔