بجلی کی فی یونٹ قیمت میں ایک روپیہ 28 پیسے کمی کا اعلان

مہنگائی سے ستائے عوام کے لئے خوشخبری آ گئی، نیپرا نے ستمبر 2024 کے فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں 1 روپے 28 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا۔
نیپرا (نیشنل الیکٹرک پاور یگولیٹری اتھارٹی) نے ستمبر 2024 کے لیے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ (FCA) کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 28 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ، اس فیصلے کے بعد صارفین کو اگست کے مقابلے میں بجلی مزید 42 پیسے فی یونٹ سستی پڑے گی۔

نیپرا نے اس کمی کی منظوری 30 اکتوبر 2024 کو ہونے والی عوامی سماعت کے بعد دی، اس سے قبل اگست 2024 میں بھی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 86 پیسے فی یونٹ کمی کی گئی تھی لیکن ستمبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ میں کمی کا حجم مزید بڑھا کر 1 روپے 28 پیسے فی یونٹ کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کی توانائی کی تقسیم کار کمپنی، سی پی پی اے جی (سی پی پی اے گورنمنٹ) نے ایف سی اے کی مد میں 71 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا کو جمع کرائی تھی، نیپرا نے اس درخواست پر غور کرنے کے بعد عوامی سماعت کی اور بالآخر ستمبر کے لیے اس معمولی کمی کا اعلان کر دیا۔

نیپرا کی جانب سے کی جانے والی اس کمی کا اطلاق ملک کے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیز (ڈسکوز) کے صارفین پر ہوگا، ماسوائے لائف لائن صارفین، پری پیڈ صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کے، اس کا اطلاق کراچی کے صارفین یعنی کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔

ستمبر 2024 کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی کمی کا فیصلہ صارفین کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے کیونکہ اس سے ان کے ماہانہ بجلی کے بلوں میں کمی آئے گی، ایک روپے 28 پیسے فی یونٹ کمی کا اثر خاص طور پر گھریلو صارفین اور کاروباری اداروں پر پڑے گا جو اس کمی سے فائدہ اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ اگست میں جو کمی کی گئی تھی وہ 86 پیسے فی یونٹ تھی اور ستمبر میں یہ کمی ایک روپے 28 پیسے فی یونٹ تک پہنچی ہے، اس کے نتیجے میں ستمبر کا فیول چارج ایڈجسٹمنٹ اگست کے مقابلے میں 42 پیسے فی یونٹ مزید کم ہو گا جو کہ صارفین کے لیے اضافی فائدہ کا باعث بنے گا۔

Leave a Comment