پنجاب حکومت نے بجلی کے گھریلو صارفین کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ذریعے آئندہ دو ماہ میں مجموعی طور پر 37 لاکھ صارفین کو 15 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
اس منصوبے کے تحت، اگست میں 19 لاکھ 25 ہزار صارفین کو 8 ارب روپے جبکہ ستمبر میں 17 لاکھ 50 ہزار صارفین کو 7 ارب 20 کروڑ روپے کی رعایت ملے گی۔
حکومتی اقدام کے تحت، اگست کے مہینے میں 57 کروڑ 75 لاکھ یونٹس پر اور ستمبر میں 52 کروڑ یونٹس پر صارفین کے بلوں میں نمایاں کمی کی جائے گی۔
یہ ریلیف ان صارفین کے لیے ہے جو 201 سے 500 یونٹس تک بجلی استعمال کرتے ہیں، جس سے لیسکو کے تقریباً 19 لاکھ گھریلو صارفین مستفید ہوں گے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے دیا جانے والا یہ ریلیف پیکیج صرف گھریلو صارفین کے لیے ہے اور اس کا اطلاق کمرشل، صنعتی اور ٹیوب ویلز کے صارفین پر نہیں ہوگا۔