وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے سے کم ہونی چاہیے، بجلی کی قیمت 10 روپے یونٹ سے کم ہوگی تو صنعتوں، عوام کو فائدہ ہوگا۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سردیوں میں خصوصی پیکیج کے تحت بجلی کافی یونٹ 20 سے 30 روپے تک کم کر دیا جائے گا۔
اویس لغاری نے کہا 5 انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی تمام شرائط کا منصفانہ طور پر جائزہ لیا گیا ہے تاکہ انہیں نقصان نہ ہو، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں میں کچھ بنیادی اصولوں کو پورا کیا گیا ہے جس میں سے ایک ان کی پچھلی کپیسٹی، انرجی کی واجبُ الاَدا رقم دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پلانٹس کو وقت سے قبل ختم کرنے کے لیے کوئی جرمانہ نہیں دیا جائے گا، آئندہ سالوں میں معاہدوں کے تحت جو ریٹرن ملنا تھا وہ بھی ادا نہیں کیا جائے گا، گزشتہ واجبُ الاَدا رقم کی دیر سے ادا ہونے والی ادائیگیوں کے چارجز بھی نہیں ادا کیے جائیں گے۔ ان کے اور آئی پی پیز کے درمیان ہونے والے معاہدے مشترکہ رضامندی سے ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ہونے والے معاہدوں میں فرق ہے۔