بجلی کے بھاری بل سے پریشان 38 سالہ شخص کی خودکشی

کوٹ رادھا کشن میں غربت سے تنگ آئے 38 سالہ شخص، منیر نے علامہ اقبال ایکسپریس کے نیچے آ کر خودکشی کر لی۔
 منیر، جو تین بچوں کا باپ تھا، کی خودکشی کے بعد علاقے میں سوگ کا عالم ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، منیر نے کوٹ رادھا کشن ریلوے اسٹیشن پر کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کے نیچے آ کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جیسے ہی ٹرین اسٹیشن پر پہنچی، منیر نے اپنا سر پٹری پر رکھ کر خودکشی کر لی۔
قریبی ذرائع کے مطابق، منیر اپنے گھر کی معاشی مشکلات سے شدید پریشان تھا۔ اس کے گھر میں فاقہ کشی کی نوبت آ گئی تھی، اور حال ہی میں بجلی کا بل ساڑھے دس ہزار روپے آ گیا تھا، جس نے منیر کو مزید مشکلات میں ڈال دیا۔
پڑوسیوں نے بتایا کہ منیر کا تعلق سجاد شاہ اسٹریٹ سے تھا اور وہ غربت کے ہاتھوں بے بس تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ منیر نے اپنی بیوی سے جھگڑا کرنے کے بعد اپنے چھوٹے بچے کو ساتھ لیا اور ریلوے اسٹیشن چلا گیا۔
منیر کی موت کے بعد اس کی نعش جب گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ اہلِ خانہ اور پڑوسی غم سے نڈھال ہیں، اور علاقے میں ایک گہرا دکھ چھایا ہوا ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ معاشی مشکلات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے نتیجے میں عوام کی پریشانیوں کی نشاندہی کرتا ہے، جس سے متاثر ہو کر ایک شخص نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔
دوسری جانب لاہور ٹھوکر بائی پاس کے قریب ایک شخص نے مبینہ طورپر کھمبے سے لٹک کر خودکشی کرلی ہے۔ریسکیوذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم شخص پہلے سے مردہ حالت میں پایا گیا۔ متوفی کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کارروائی شروع کردی ہے

Leave a Comment