بھارتی اداکارہ اور مشہور سوشل میڈیا شخصیت ثنا سلطان نے مدینہ منورہ میں نکاح کر کے اپنی نئی زندگی کا آغاز کر دیا۔
ان کے نکاح کی تقریب مدینہ منورہ میں ایک نجی تقریب کے طور پر منعقد کی گئی،جس کی چند تصاویر اور تفصیلات سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں۔
اداکارہ نے محمد واجد سے نکاح کیا،اس نجی تقریب میں ان کے قریبی عزیز اور دوست شریک تھے۔ اداکارہ نے اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں،جس سے ان کے مداحوں اور چاہنے والوں نے بھرپور خوشی اور مبارکباد کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ثنا سلطان نے بگ باس او ٹی ٹی 3 سے شہرت حاصل کی۔
انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں ثنا نے اپنی خوشی اور شکر گزاری کا اظہار کرتے ہوئے لکھا الحمداللّٰہ،میں عاجزی اور خوشی کے ساتھ شیئر کر رہی ہوں کہ مجھے مدینہ جیسی پاکیزہ اور مقدس جگہ پر اپنے واجد جی کے ساتھ نکاح کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ان کی زندگی کے ساتھی بننے کا یہ سفر محبت،صبر اور ایمان کی مثال ہے۔
ثنا سلطان کی شادی کی خبر مداحوں کیلئے ایک خوشگوار حیرت کا باعث بنی ہے،خاص طور پر اس لیے کہ نکاح مدینہ منورہ جیسی مقدس جگہ پر منعقد ہوا۔ اداکارہ کی یہ پوسٹ دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی ہے اور ان کے مداح ان کیلئے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کر رہے ہیں