بھارت نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار کر دیا ہے جبکہ پی سی بی اپنے موقف پر ڈٹ گیا ہے اور ہائبرڈ ماڈل قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، بھارتی صحافی وکرانت گپتا کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کے کچھ کھلاڑی بھی پاکستان آنے سے متعلق کشمکش کا شکار تھے ۔
نجی ٹی وی سماء نیوز کے پروگرام میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بھارتی سپورٹس صحافی وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ میں نے سوا سال قبل ایشیا کپ کے موقع پر کہا تھا کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان جائے گی لیکن حالات بدل گئے، مجھے 5،6 ماہ سے لگ رہا تھا کہ شائد اب انڈیا نہیں جائے گا ، ایک سال پہلے دنیا الگ تھی ، اس وقت بائیڈن امریکہ کے صدر تھے جبکہ اب ٹرمپ منتخب ہو چکے ہیں ۔
وکرانت گپتا نے کہا کہ سوا سال قبل مجھے لگا تھا کہ شائد کچھ حالات بہتر ہو جائیں گی لیکن دونوں ملکوں میں سفارتی مسائل ہیں تو ایسا نہیں ہو سکتا کہ بھارت اپنا موقف بدل لے ۔ پاکستان میزبان ہے اور بطور میزبان پاکستان کا حق بنتا ہے کہ وہ اعتراض کرے، میری ہمدردی پاکستان کے ساتھ ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے تو کہہ دیا ہے کہ حکومت ٹیم بھیجنے کی اجازت نہیں دے رہی ، تو اب گیند پاکستان اور آئی سی سی کے کورٹ میں ہے ، اب یہاں کیا کرنا ہے یہ ان دونوں پر منحصر ہے ۔
وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ جہاں تک کرکٹ کی بات ہے تو مجھے لگتا ہے کہ سکیورٹی ایک وجہ ہے اور دوسری وجہ سفارتی تعلقات ہیں، سکیورٹی کی بات ہوتی ہے تو پھر پلیئرز کی سکیورٹی کی بات کی جاتی ہے ، بھارتی ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں سے میری بات ہوئی تو وہ حقیقت میں اس کشمکش میں تھے کہ انہیں پاکستان کھیلنے جانا چاہیے یا نہیں جانا چاہیے ۔