قومی ٹیم کے سابق سپنر و بالنگ کوچ ثقلین مشتاق نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء سے بھارت کی ممکنہ دستبرداری کی خبروں پر ردعمل دے دیا۔ کرکٹ پاکستان کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں سابق اسپنر ثقلین مشتاق نے کہا کہ بھارتی ٹیم اگر ایونٹ کھیلنے پاکستان آنا چاہتی ہے تو خوشی سے آئے اور نہیں آنا چاہتی تو ہمیں فرق نہیں پڑتا، اتنا شور شرابا کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامںٹ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ہے تو انہیں معاملہ دیکھنے دیں۔ چیمپئنز ٹرافی فروری، مارچ 2025ء میں پاکستان میں منعقد ہونا ہے تاہم شیڈول سمیت ٹیمیں تاحال موضوع بحث بنی ہوئی ہیں جبکہ بھارتی بورڈ ایونٹ کو ہائبرڈ ماڈل یا نیوٹرل وینیو پر کروانے کا خواہاں ہے، اسی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ بھی ضد پر قائم ہے ایونٹ پورا پاکستان میں ہوگا، بھارتی ٹیم کو لانے کا کام آئی سی سی کا ہے ہمارا نہیں۔
ٹورنامنٹ کے ممکنہ ابتدائی شیڈول کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری کو کراچی میں ہوگا جو کہ 9 مارچ کو لاہور میں فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا جس کے کئی میچز راولپنڈی میں شیڈول ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ دنوں ایونٹ کیلئے 7 کروڑ ڈالر کا بجٹ منظور کرلیا ہے، منظور شدہ بجٹ کے ساتھ اضافی اخراجات کیلئے 45 لاکھ ڈالرز مختص کیے گئے ہیں جس نے کئی شکوک و شبہات پیدا کیے۔ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ بھارت کی جانب سے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کی صورت میں بیک اپ فنڈز رکھے گئے ہیں تاکہ کچھ میچز پاکستان سے باہر کروائے جاسکیں۔