بھارت کے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں پاکستان نہ آنے کے فیصلے پر حکومت پاکستان نے پی سی بی کو ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے اور بھارت کے بغیر ایونٹ کرانے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
بھارت کی جانب سے آئندہ سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کے بعد وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں، وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو واضح طور پر کہا ہے کہ بھارت کیخلاف آئندہ کسی آئی سی سی ایونٹ میں کھیلنے کا کوئی پلان نہ بنایا جائے اور حکومت کی گائیڈلائنز کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کیے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد حکومت نے پی سی بی کو اس انکار کی وجوہات آئی سی سی سے پوچھنے کی ہدایت کی ہے، حکومت کا کہنا ہے کہ پی سی بی عالمی کرکٹ کے ادارے سے رابطہ کرے اور بی سی سی آئی (بھارتی کرکٹ بورڈ) کے انکار کے حوالے سے وضاحت طلب کرے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو پاکستان آنے کی دعوت دینے کے لیے اقدامات کرے تاکہ آئی سی سی ایونٹ کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے، حکومت کا موقف ہے کہ اگر بھارت نے شرکت سے انکار کیا تو اس کی جگہ کسی اور ملک کو بلانے کی کوشش کی جائے۔
اس فیصلے کے بعد پی سی بی حکام کو عالمی کرکٹ فورمز پر پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کرنے اور بھارت کے انکار کے اثرات کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان کو میزبانی کا اعزاز حاصل ہے اور بھارت کا شرکت سے انکار ایک بڑا معاملہ بن چکا ہے جس پر نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی کرکٹ میں بھی بحث جاری ہے۔