بہاولنگر :زمیندار کا ظلم،7 سالہ بچے پر کتے چھوڑ دیے

تھانہ گھمنڈ پور کی حدود میں واقع بستی نوناں والی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک مقامی زمیندار نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے محنت کش کے 7 سالہ بچے پر کتے چھوڑ دیے۔
 اس واقعے میں قربان نامی بچہ بری طرح زخمی ہو گیا۔
واقعہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ زمیندار نے ذاتی دشمنی کے باعث بچے پر اپنے پالتو کتے چھوڑ دیے، جس سے معصوم بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
بچے کو فوری طور پر ریسکیو ٹیم نے تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، بچے کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹرز اس کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
 بچے کے جسم پر کتے کے کاٹنے کے نشانات اور زخم گہرے ہیں، جس سے اس کی حالت مزید بگڑنے کا خدشہ ہے۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور جلد ہی تمام ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور مقامی لوگ اس واقعے کی شدید مذمت کر رہے ہیں۔
 بچوں کے والدین میں اس واقعے کے بعد شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جبکہ علاقہ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ ملزمان کو سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کا تدارک ہو سکے۔
یہ واقعہانہ صرف مقامی سطح پر بلکہ پورے ملک میں ایک سنگین مسئلے کی نشاندہی کرتا ہے، جہاں کمزور اور بے بس افراد کے ساتھ زیادتی کے واقعات عام ہیں۔ اس واقعے نے انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے سوالات اٹھا دیے ہیں، جس پر حکومت اور متعلقہ اداروں کو سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے

Leave a Comment