) شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قریبی ساتھی، سابق ایم پی اے و سابق ضلعی صدر حاجی امین لاکھو کافی عرصے علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق حاجی امین لاکھو کی نمازِ جنازہ گاؤں حسین خان ٹھورو میں ادا اور تدفین مقامی قبرستان میں کی گئی جس میں سینیٹر عاجز دھامراہ، ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری، سابق ایم پی اے نواز چانڈیو، سید ذیشان شاہ، وزیر اعلیٰ کے مشیر سید قاسم نوید قمر، پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت، پارٹی کارکنان سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکنِ سندھ اسمبلی فریال تالپور نے پارٹی کے سابق ایم پی اے و ٹنڈومحمد خان کے سرکردہ رہنما حاجی امین لاکھو کے انتقال پر اظہارِ افسوس کیا۔ انہوں نے حاجی امین لاکھو کے صاحبزادے شیر علی لاکھو سمیت تمام لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
فریال تالپور کا کہنا تھا کہ حاجی امین لاکھو ایک سچے جیالے اور پارٹی کا اثاثہ تھے، حاجی امین لاکھو مرحوم ان جیالوں میں سے ایک تھے، جنہوں نے ایم آر ڈی میں قربانیوں اور حوصلے کی مثالیں قائم کیں، حاجی امین لاکھو پارٹی قیادت سمیت جیالوں کی دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دعاگو ہوں، اللہ تعالیٰ حاجی امین لاکھو کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔