بیٹے اذہان کی سالگرہ پر شعیب ملک کو تنقید کا سامنا

قومی کرکٹر شعیب ملک کو دبئی میں بیٹے اذہان کی سالگرہ منانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شعیب ملک کو دبئی میں اپنے بیٹے کی سالگرہ منانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔بھارت کی مشہور ٹینس سٹار اور شعیب ملک کی سابقہ اہلیہ ثانیہ مرزا نے گزشتہ دنوں اپنے بیٹے اذہان ملک کی چھٹی سالگرہ بھرپور انداز میں منائی تھی،جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہوئیں۔

قومی کرکٹر شعیب ملک بھی اپنے بیٹے اذہان کی سالگرہ منانے کیلئے دبئی پہنچے اور اپنی جانب سے اذہان کی سالگرہ کی تقریب کے دوران لی گئی چند تصاویر شیئر کیں جن میں وہ کیک کاٹتے نظر آ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے اذہان کو اپنے والد کے ساتھ کمفرٹیبل محسوس نہ کیا اور مختلف تبصروں سے اس کا اظہار بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے شعیب ملک پر تنقید کی،جبکہ ثانیہ مرزا کے حق میں جذبات کا اظہار کیا۔صارفین نے شعیب ملک اور ان کے قریبی دوستوں سمیت ان کی اہلیہ ثنا جاوید کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی موجودگی کی وجہ سے اذہان اور شعیب کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا ہے۔

متعدد صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ اذہان اپنی والدہ ثانیہ مرزا کے ساتھ زیادہ خوش اور راحت محسوس کرتا ہے، جبکہ شعیب ملک کی موجودگی میں ان کی باہمی بانڈنگ نظر نہیں آئی۔

صارفین نے تبصروں میں ثانیہ مرزا کے خلوص اور محنت کو سراہا،جو اذہان کی پرورش کے لیے دبئی میں مقیم ہیں۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا میں علیحدگی کے بعد اذہان اپنی والدہ کے ساتھ دبئی میں مقیم ہیں،جس کی وجہ سے شعیب ملک اور اذہان کی ملاقاتیں کم ہی رہتی ہیں۔

Leave a Comment