ترکیہ اور شام میں زلزلے کے جھٹکے

مشرقی ترکی اور شام میں ترکیہ اور شام میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت 6 اعشاریہ صفر ریکارڈ کی گئی، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مشرقی ترکی کے کئی علاقوں علاقوں کو گزشتہ روز 6 اعشاریہ صفر شدت کے زلزلے نے ہلا کر رکھ دیا جس کا مرکز کلا سے تقریباً 140 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا، تاہم فوری طور پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی جس کی حکام نے بھی تصدیق کی ہے۔

زلزلہ ترکیہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجکر 46 منٹ پر صوبہ ملاتیا کے ضلع کلا میں آیا، ترکی کی ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی اے ایف اے ڈی (AFAD)نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے پیغام میں لکھا کہ “ابھی تک کسی جانی نقصان یا املاک کو نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔”

دوسری جانب ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلی کایا کا کہنا ہے کہ 3 مختلف علاقوں میں تین عمارتیں جزوی طور پر منہدم ہوئیں ہیں اور ایمرجنسی سروسز کو درجنوں امدادی فون کالز بھی موصول ہوئیں ہیں۔

ملاتیا کے مقامی حکام نے بھی تاحال کسی منفی پیش رفت کی تصدیق نہیں کی، تاہم صوبائی گورنر نے اعلان کیا ہے کہ تمام پرائمری اور سیکنڈری اسکول ایک دن کے لیے بند رہیں گے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شام کے صوبوں حسکہ، دیر الزور اور حلب میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے فوراً بعد کئی شہروں میں لوگ خوف کے عالم میں اپنے گھروں سے باہر نکل کر سڑکوں پر آ گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی تھی اس تباہ کن زلزلے کے باعث ترکیہ 53 ہزار سے زائد اور ہمسایہ ملک شام میں تقریباً 6 ہزار افراد جان کی بازی ہار گئے تھے

Leave a Comment