راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان کی ٹیم 344 رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی، جواب میں انگلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے ہیں۔ راولپنڈی میں کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ پاکستان نے 73 رنز پر 3 وکٹوں کے نقصان سے اننگز کا آغاز کیا تو 99 کے مجموعی اسکور پر کپتان شان مسعود کی مزاحمت جلد اختتام پذیر ہوگئی وہ 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان 25، عامر جمال 14، سلمان آغا ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔
آٹھویں وکٹ کی شراکت میں نعمان علی اور سعود شکیل نے 88 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی تاہم نعمان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ نعمان علی کے بعد سعود شکیل 134 بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ زاہد محمود صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
ساجد خان 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ریحان احمد نے 4، شعیب بشیر نے 3، گس اٹکنسن نے دو اور جیک لیچ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
انگلینڈ ٹیم نے دوسری اننگز میں بیٹنگ شروع کی ،بین ڈکٹ کو 12 رنز پر ساجد خان نے آؤٹ کیا، اسی سکور پر دوسری وکٹ بھی 15 گری جبکہ تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر اولی پوپ تھے جو ایک رنز بناکر نعمان علی کا شکار بن گئے۔ پاکستان کی طرف سے نعمان علی نے 2 جبکہ ساجد خان نے 1 وکٹ اپنے نام کی ہے۔
اس سے قبل پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے 23 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 73 بنالیے، عبداللہ شفیق 14، صائم ایوب 19 اور کامران غلام 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، شان مسعود اور سعود شکیل 16، 16 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے ۔
پہلی اننگز میں انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کیخلاف 267 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔ انگلش اوپنر نے ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم زیک کرولی 29 اور اوپنر بین ڈکٹ 52 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، مڈل آرڈر بیٹر اولی پوپ 3، جو روٹ اور ہیری بروک 5، 5، کپتان بین اسٹوکس 12، ریحان احمد 6 اور جیک لیچ 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ انگلش ٹیم کیلئے 7ویں وکٹ کی شراکت میں گس اٹکنسن اور جیمی اسمتھ نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم اٹکنسن 39 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
بعدازاں 91 رنز بناکر جیمی سمتھ بھی پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں انگلینڈ نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا