جاپانی سائنسدان نے قرآنی آیت سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرلیا

جاپان کے معروف سائنسدان ڈاکٹر اوکودا نے قرآن پاک کی ایک آیت سے متاثر ہو کر اسلام قبول کر لیا ہے۔
ڈاکٹر اوکودا جو کہ دنیا بھر میں اپنے سائنسی تجربات اور تحقیقی کام کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں،انہوں نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنی زندگی میں ایک نئی روحانی راہ کا انتخاب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر اوکودا نے قرآن کی سورۃ الحجر کی آیت نمبر 26 سے متاثر ہو کر اسلام قبول کیا۔ یہ آیت انسان کی تخلیق کے بارے میں ہے جس میں اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:

“اور بیشک ہم نے انسان کوخشک بجتی ہوئی مٹی سے بنایا جو ایسے سیاہ گارے کی تھی جس سے بُو آتی تھی”(القرآن 15:26)

ڈاکٹر اوکودا نے اسلام کے نور سے منور ہونے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ میں ہمیشہ سے انسانی وجود اور تخلیق کے راز کو سمجھنے کی کوشش کرتا رہا ہوں،اس سلسلے میں سائنسی تجربات اور تحقیق میں کافی وقت تک مشغول بھی رہا،مگر جب میں نے قرآن میں انسان کی تخلیق کے بارے میں اس آیت کو پڑھا تو مجھے گہرا روحانی اور سائنسی تعلق محسوس ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ آیت سائنسی حقیقت اور روحانی حکمت کا ایسا حسین جوڑ پیش کرتی ہے جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔

ڈاکٹر اوکودا نے بتایا کہ وہ اس آیت کے ذریعے یہ سمجھنے میں کامیاب ہوئے کہ قرآن صرف ایک مذہبی کتاب ہی نہیں بلکہ اس میں دنیا اور کائنات کے گہرے راز بھی پوشیدہ ہیں۔قرآن میں بیان کردہ تخلیق کی تفصیلات نہ صرف مذہبی طور پر اہم ہیں بلکہ ان سب کا سائنسی حقیقت سے بھی گہرا تعلق ہے۔ یہ آیت میری زندگی کا رخ بدلنے کا سبب بنی اور میں نے اسلام کو حق کے طور پر دل سے قبول کر لیا۔

واضح رہے کہ اسلام قبول کرنے کے بعد ڈاکٹر اوکودا نے اپنی زندگی میں اسلامی تعلیمات کو اپنانا شروع کر دیا ہے۔انہوں نے ایک جگہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام قبول کرنے سے مجھے وہ سکون ملا ہے جو میں برسوں سے تلاش کر رہا تھا۔ قرآن نے میری زندگی کے تمام سوالات کے جوابات بہت احسن طرقیے سے دیے ہیں۔

ان کی اسلام قبول کرنے کی خبر سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئی اور دنیا بھر کے مسلمانوں نے ان کے اس فیصلے پر مبارکباد کے پیغامات بھی بھیجے،نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کے ایمان کی مضبوطی کی بھی دعا کی۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر اوکودا نے ایک سال قبل اس آیت سے متاثر ہونے کے بعد اسلام قبول کیا تھا،جس کے بعد انہوں نے اپنی زندگی کو اسلام کے اصولوں کے مطابق ڈھال لیا اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو گئے

Leave a Comment