جو 19 سال تک نہ ہو سکا، وہ کل ہو گیا، پاکستان نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کے کسی میچ میں پہلی بار سب سے زیادہ چھکے جڑ دیے ہیں۔ ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستانی بیٹرز نے 15 چھکے لگائے۔ پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 6، رضوان اور اعظم خان نے 4، 4 جبکہ صائم ایوب نے ایک چھکا لگایا۔
اس سے قبل پاکستان نے ایک میچ میں زیادہ سے زیادہ 12 چھکے لگائے تھے۔ پاکستانی اننگز میں پاور پلے میں پانچ چھکے لگائے گئے، ٹی ٹونٹی کرکٹ کی تاریخ میں صرف دوسری مرتبہ پاکستانی بیٹرز نے پاور پلے میں پانچ چھکے لگائے ہیں۔ اس سے قبل جنوری 2024ء میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف پاور پلے میں 5 چھکے لگائے تھے۔ واضح رہے کہ آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ کا 193 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کی نقصان پر 16.5 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان 40 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ محمد رضوان نے 46 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 75 رنز اسکور کیے۔