3 مقامات پر ٹریفک حادثات میں تبلیغی جماعت کے دو کارکنوں سمیت 7 مسافر جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔
تبلیغی مرکز رائیونڈ سے خیبرپختونخوا کے علاقے دیر بالا جانے والی وین بھیرہ کے قریب حادثے کا شکار ہونے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔ موٹروے پولیس اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ زخمیوں کو ٹی ایچ کیو بھیرہ اور بھلوال منتقل کر دیا گیا، حادثہ وین کا پچھلا ٹائر پھٹنے سے پیش آیا۔ وین میں 15 مسافر موجود تھے۔
رائیونڈ اجتماع سے انخلا پر کوٹ ادو جانے والی بس نالے میں جاگری جس بس میں تبلیغی جماعت کے 70 کارکن سوار تھے۔ سی ٹی او لاہور عما رہ اطہر نے بتایا دو بسیں اجتماع روڈ سے بھوبتیاں آرہی تھیں کہ ایک بس کا ٹائر کچے روڈ پر اترنے سے گڑھا بن گیا اور توازن بگڑنے سے بس نالے میں گر گئی۔ مسافروں کو ایس پی صدر شہزاد خان اور ٹریفک ریسپانس یونٹ نے بروقت ریسکیو کرلیا۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
شیخوپورہ کے علاقہ مانانوالہ سچا سودا روڈ پر بھاڑ گائوں کے نزدیک ٹریکٹر ٹرالی اور مسافر ویگن کے تصادم میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے، پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق 4 مسافر موقع پر جبکہ ایک ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ میں چل بسا ۔ جاں بحق ہونیوالوں میں 50 سالہاکمل ولد یعقوب، 35 سالہ سخاوت ولد غلام سرور، 25 سالہ زین ولد اصغر، 3 سالہ مناف ولد زین جبکہ زخمیوں میں 60 سالہ زبیدہ بی بی زوجہ ثقلین، 50 سالہ اسلم ولد انور، 30 سالہ افشاں دختر ثقلین، 35 سالہ مہوش زوجہ شاہد، 25 سالہ یاسر ولد جاوید، شائستہ زوجہ ذیشان اور37 سالہ شہباز ولد عبداﷲ شامل ہیں۔