خالہ کے انتقال کا سن کر سکون ملا: اداکارہ فریال محمود

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ و ماڈل فریال محمود نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کو ان کی خالہ روحی بانو کی موت کی خبر سن کر سکون ملا۔
نامور پاکستانی ماڈل اور اداکارہ فریال محمود نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں اپنی خالہ اور ماضی کی مشہور اداکارہ روحی بانو کے انتقال پر اپنے جذبات کا اظہار کیا، فریال محمود کا کہنا تھا کہ انہیں یہ خبر سن کر سکون ملا کیونکہ ان کی خالہ روحی بانو کئی سالوں سے شدید دماغی عارضے میں مبتلا تھیں اور وہ ایک تکلیف دہ زندگی گزار رہی تھیں۔

فریال محمود نے بتایا کہ روحی بانو ان کی والدہ کی سگی کزن تھیں اس لیے وہ ان کی خالہ کہلاتی تھیں اور ان کے درمیان بہت اچھے خاندانی تعلقات تھے۔ اداکارہ نے بتایا کہ روحی بانو جوانی میں ہی دماغی عارضے “شیزو فرینیا” کا شکار ہو گئی تھیں جو کہ عمر کے ساتھ بڑھتا گیا اور ان کی زندگی کو مزید پیچیدہ بنا دیا۔

انہوں نے کہا کہ روحی بانو کی بیماری اتنی شدید ہو چکی تھی کہ انہیں سادہ معمولات جیسے لباس پہننے میں بھی مشکلات پیش آتی تھیں۔ وہ کبھی شلوار اور قمیض ایک جیسی نہیں پہن سکتی تھیں جس سے ان کی زندگی اور بھی پیچیدہ ہوگئی تھی۔

فریال محمود نے مزید کہا کہ روحی بانو نے نفسیات میں ڈگری حاصل کی تھی لیکن وہ اپنے دماغی عارضے کی شدت کو سمجھنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں، بیماری کے ساتھ ساتھ ان کی حالت بگڑتی چلی گئی۔

فریال محمود نے کہا کہ روحی بانو کی زندگی میں ایک اور سانحہ بھی آیا جب ان کے اکلوتے بیٹے علی کو جائیداد کی خاطر قتل کر دیا گیا جس سے روحی بانو مزید ذہنی اور جذباتی طور پر متاثر ہوئیں، بیٹے کے قتل کے بعد روحی بانو کی حالت مزید خراب ہوگئی اور وہ ہسپتال میں داخل ہونے کے باوجود وہاں سے بھاگ کر گھر واپس آ جاتی تھیں۔

روحی بانو کو ہمیشہ یہ خوف رہتا تھا کہ ان کے گھر پر قبضہ کر لیا جائے گا اس لیے وہ علاج کے لیے ہسپتال میں رہنے کو تیار نہیں تھیں، روحی بانو اپنے آخری ایام میں ترکیہ میں اپنی بہن کے پاس چلی گئی تھیں جہاں ان کا انتقال ہوگیا، اس خبر کے بعد فریال محمود کا کہنا تھا کہ انہیں سکون ملا کیونکہ ان کی خالہ اب تکلیف سے نجات پا کر بہتر جگہ پر ہوں گی۔

فریال محمود نے یہ بھی واضح کیا کہ روحی بانو کے بیٹے کو جائیداد کے تنازعے میں قتل کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے بیٹے کے قتل میں کون ملوث تھا۔

یاد رہے کہ روحی بانو، جو کہ 2019 میں ترکیہ میں انتقال کر گئیں، ایک معروف پاکستانی اداکارہ تھیں ، وہ اپنے زمانے کی مشہور اور کامیاب فلمی شخصیت شمار کی جاتی تھیں۔ ان کی وفات نے ان کے چاہنے والوں اور فلمی صنعت میں گہرا غم پیدا کیا تھا۔

Leave a Comment