خصوصی افراد کیلئے مفت سفر کا اعلان

حکومت پنجاب نے خصوصی افراد کیلئے اورنج لائن ٹرین، میٹرو بس، اور دیگر ٹرانسپورٹ سروسز میں مفت سفر کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
میٹرو بس اتھارٹی کی انتظامیہ کے مطابق،ہمت کارڈ رکھنے والے خصوصی افراد اب ان سروسز سے بلا معاوضہ استفادہ کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ یہ سہولت خصوصی افراد کیلئے ہفتے کے ساتوں روز دستیاب ہوگی،جس سے انہیں روزمرہ کے سفر میں آسانی فراہم کی جائے گی۔ہمت کارڈ رکھنے والے افراد کو میٹرو بس ٹکٹ کاونٹر پر اپنا کارڈ دکھا کر بغیر کسی قیمت کے ٹکٹ حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام خصوصی افراد کی سہولت اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے اٹھایا گیا ہے،تاکہ وہ بھی زندگی کے مختلف شعبوں میں آسانی سے شامل ہو سکیں۔حکومت کا یہ اقدام سماجی شمولیت اور خصوصی افراد کی زندگی میں بہتری لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

خیال رہے کہ یہ اقدام ان افراد کیلئے خوش آئند ہے جو اکثر نقل و حمل کی مشکلات کا شکار رہتے ہیں۔حکومت پنجاب کی جانب سے یہ مثبت قدم اس بات کا ثبوت ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کو سمجھنا اور ان کا خیال رکھنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

Leave a Comment