دبئی میں 4 پاکستانیوں نے جعلی پولیس اہلکار بن کر بھارتیوں کو اغواء کرلیا

متحدہ عرب امارات کی معروف ریاست دبئی میں 4 پاکستانیوں کو دو بھارتی شہریوں کو اغواء کرنے اور انہیں لوٹنے کے جرم میں 2 سال قید کے ساتھ 10 لاکھ درہم ( 7 کروڑ 57 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد ) مشترکہ جرمانے کی سزا سنادی گئی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یہ کیس رواں برس 29 مارچ کو الرفاع پولیس سٹیشن کے سامنے لایا گیا، عدالتی ریکارڈ سے معلوم ہوا ہے کہ پاکستان سے تعل رکھنے والے ایک ڈرائیور نے اپنے 3 دیگر ہم وطنوں اور ایک شخص کے ساتھ مل کر دھوکہ دہی کی یہ واردات اس وقت کی جب انہیں یہ علم ہوا کہ بھارتی شہریوں کے پاس اچھی خاصی رقم موجود ہے جس پر انہوں نے ان کے اغواء کا منصوبہ بنایا۔
بتایا گیا ہے کہ 29 مارچ کی صبح ڈرائیور متاثرین کو دبئی میں گولڈ سوق لے جا رہا تھا اس دوران اس نے اپنے ساتھی ملزمان کو اپنی لوکیشن کے بارے میں بتایا جس کے بعد وہ ایک گاڑی میں وہاں پہنچ گئے، ملزمان نے المنخول کے قریب متاثرین کی گاڑی کو روکا جس کے بعد ان میں دو ملزمان نے خود کو پولیس افسر ظاہر کیا اور بہانہ بنا کر دونوں متاثرین کو الگ الگ گاڑی میں بٹھا کر اپنے ہمراہ لے گئے۔
معلوم ہوا ہے کہ ملزمان متاثرین کو لے کر النہدہ پہنچے جہاں گینگ نے ان سے 10 لاکھ درہم، 2 فون اور 2 پرس چھین لیے، جس کے بعدملزمان نے متاثرین کو وہاں سے جانے کی اجازت دے دی، متاثرہ بھارتی شہریوں نے پولیس کو اس واقعے کے بارے میں بتایا جس کے بعد دبئی پولیس نے تفتیش کرتے ہوئے جرم میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا، پاکستان سے تعلق رکھنے والے پانچویں شخص پر گینگ کی مدد کرنے کا الزام تھا لیکن اس نے تفتیش اور مقدمے کی سماعت کے دوران اس واردات میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے مرکزی ملزم کے اعترافی بیانات، گواہوں کے بیانات اور پولیس کی تفتیش کا جائزہ لیا تو یہ بات سامنے آئی کہ ڈرائیور نے گینگ کو متاثرین کی رقم کے بارے میں بتایا تھا کہ وہ کہاں جا رہے تھے، ان ملزمان میں سے ایک گروہ کا سرغنہ تھا اور دو دیگر نے پولیس افسر ہونے کا ڈرامہ کیا اور متاثرین سے رقم پتھیانے کے لیے یہ پلان بنایا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ پانچواں شخص اس جرم میں ملوث نہیں ہے کیوں کہ اس کے خلاف کسی بھی قسم کے ثبوت موجود نہیں ہیں جب کہ چاروں ملزمان نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ اس جرم میں ملوث نہیں تھا، جس کے بعد عدالت کی جانب سے ملزمان کو سزائیں سناتے ہوئے ملزمان کی سزا پوری ہونے کے بعد انہیں ملک بدر کرنے کا بھی حکم دے دیا

Leave a Comment