قومی سلیکشن کمیٹی نے وائٹ بال اسکواڈ مکمل کرلیا، جس کا اعلان آج چیئرمین پی سی بی محسن نقوی پریس کانفرنس کے دوران کریں گے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ آسٹریلیا کے لئے وائٹ بال سکواڈ کو فائنل کر لیا اور آج اس کا اعلان متوقع ہے، اس فیصلے کے پس منظر میں گزشتہ روز چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں سلیکشن کمیٹی کے اراکین عاقب جاوید، اظہر علی، علیم ڈار، اسد شفیق اور حسن چیمہ شریک ہوئے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اجلاس میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور سلمان علی آغا سے ملاقاتیں بھی کی گئیں جہاں اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا، پی سی بی کے مطابق اس اجلاس میں قومی وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان کے نام پر بھی بات چیت کی گئی اور سلیکشن کمیٹی نے دورہ زمبابوے کے لیے سکواڈ اور کپتان کے حوالے سے تجاویز پیش کیں، چئیرمین پی سی بی آج پریس کانفرنس میں ان اہم فیصلوں کا اعلان کریں گے۔
دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد رضوان قومی وائٹ بال ٹیم کے نئے کپتان کے طور پر فائنل کر لیا گیا ہے، کوچ گیری کرسٹن کی تجویز پر محمد رضوان کو کپتان مقرر کیا گیا، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی سے ہونے والی کھلاڑیوں اور سلیکشن کمیٹی کے اراکین کی میٹنگ میں محمد رضوان کے بطور کپتان کی تصدیق بھی کر دی گئی ہے