دنیائے کرکٹ میں جادوگر کہلانے والے افغان لیگ سپنر راشد خان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز گیند باز راشد خان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں کامیابوں کا سلسلہ جاری ہے، وہ آئے روز ریکارڈ توڑتے ہیں، انہوں نے کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں اہم اعزاز حاصل کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا ایک بار پھر سے منوایا ہے، انہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں 600 وکٹیں اڑانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
افغان گیند باز ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں بولرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، اس فہرست میں سابق ویسٹ اندین کپتان ڈی جے براوو پہلے نمبر پر ہیں، براوو نے اپنے ٹی 20 کیریئر کے دوران کے کل 630 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے 578 مقابلوں میں سے 543 اننگز میں 11,123 گیندیں پھینکیں، انہوں نے اپنے کیریئر میں 2 مرتبہ میچ میں 5 وکٹیں حاصل کی جبکہ 11 مرتبہ مقابلے میں 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ان کا بہترین بولنگ فگر 23 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہے۔
اس فہرست میں دوسرے نمبر پر راشد خان ہیں جنہوں نے 441 میچوں کی 438 اننگز میں گیند بازی کرتے ہوئے 10,148 گیندیں کروائی اور 600 وکٹیں حاصل کی، 17 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرنا ان کا بہترین بولنگ فگر ہے، انہوں نے 4 مرتبہ ایک میچ کے دوران 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 14 مرتبہ 4 کھلاڑیوں کو پویلین لوٹایا۔ اس فہرست میں ویسٹ انڈیز کے ہی سپنر سنیل نارائن 557 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کے عمران طاہر 502 وکٹوں کے ساتھ چوتھے اور بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن 492 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
اس فہرست میں پاکستان کے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض 413 وکٹوں کے ساتھ 7 نمبر پر ہیں، سہیل تنویر 389 وکٹوں کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ بوم بوم کا لقب پانے والے شاہد آفریدی اس فہرست میں 347 وکٹوں کے ساتھ 14ویں نمبر پر موجود ہیں، ان کے علاوہ فاسٹ بولر محمد عامر 342 کے ساتھ 15ویں، لیفٹ آرم سپنر عماد وسیم 332 وکٹوں کے ساتھ 19ویں اور شاداب خان 326 وکٹوں کے ساتھ 20 ویں نمبر پر ہیں۔ واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے گیند بازوں کی فہرست میں کوئی بھی بھارتی گیند باز شامل نہیں ہے۔