راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں پاکستانی اسپنرز نعمان علی اور ساجد خان نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔
بولنگ میں شاندار کارکردگی کے بعد اس جوڑی نے بیٹنگ میں بھی زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی شراکت سے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں لا کھڑا کیا۔
پہلی اننگز میں نعمان علی نے 45 اور ساجد خان نے 48 رنز کی اننگز کھیلی،جس میں ساجد نے انگلش بولرز کو چار شاندار چھکے بھی لگائے۔
کھیل کے دوران سوئپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں گیند ساجد خان کی ٹھوڑی پر لگی جس سے خون نکل آیا اور بعد میں انہیں دو ٹانکے بھی لگے،مگر وہ جم کر کھیلے اور اپنی اننگز مکمل کی۔
واضح رہے کہ اس جوڑی نے بولنگ میں بھی شاندار پرفارمنس دکھائی ہے۔ پہلی اننگز میں ساجد خان نے 6 اور نعمان نے 3 وکٹیں حاصل کیں،جبکہ دوسری اننگز میں بھی تین مزید وکٹیں اپنے نام کیں،جن میں سے دو نعمان اور ایک وکٹ ساجد خان نے حاصل کی۔
ملتان ٹیسٹ میں بھی یہ دونوں بولرز انگلش بیٹرز کیلئے مشکل ثابت ہوئے تھے،جہاں نعمان علی نے 11 اور ساجد خان نے 9 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس طرح راولپنڈی میں بھی نعمان اور ساجد کی جوڑی نے ایک بار پھر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو مضبوط پوزیشن دلوا دی