رضوان نے کیسی کپتانی کی؟ شاہین آفریدی کھل کر بول پڑے

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو ان کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دے کر دنیائے کرکٹ میں ہلچل مچا دی ہے، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی کپتانی میں قومی ٹیم نے یہ بڑا کارنامہ سرانجام دیا، اس تاریخ ساز سیریز میں محمد رضوان کی کپتانی سے متعلق قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی بھی کھل کر بولے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کامیابی حاصل کی جس میں نئے کپتان محمد رضوان کی قیادت نے اہم کردار ادا کیا، اس فتح کے بعد سابق کپتان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے محمد رضوان کی کپتانی کی بھرپور تعریف کی اور اس بات کا اعتراف کیا کہ رضوان نے باؤلرز کو مکمل آزادی دی تاکہ وہ پراعتماد ہو کر اپنے مطابق کھیل سکیں۔

شاہین آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لئے پاکستان کی تیاری مکمل تھی اور کھلاڑی نئے کپتان کے تحت کھیلنے کے لئے انتہائی پرجوش تھے،ہم اس فتح کے حقدار تھے اور ہمیں اس سیریز میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کا مکمل موقع ملا۔

شاہین نے محمد رضوان کی کپتانی کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ رضوان ایک جارحانہ کھلاڑی ہیں اور انہوں نے گزشتہ تین میچز میں اسی جارحانہ انداز سے کپتانی بھی کی۔

شاہین آفریدی نے یہ بھی کہا کہ رضوان نے باؤلرز کو اٹیک کرنے کی مکمل آزادی دی جس کے باعث پاکستان کی بولنگ لائن اپ نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی، محمد رضوان کی قیادت میں ہمارے باؤلرزکو بھرپور اعتماد کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا اور اس کا نتیجہ ہم نے سیریز کی جیت کی شکل میں دیکھا۔

دوسری جانب آسٹریلیا میں اس ریکارڈ کامیابی کے بعد محمد رضوان نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان کی جیت کو قوم کے نام کیا، رضوان نے کہا کہ ہماری ٹیم کی جیت پاکستانی قوم کے لئے ہے اور ہم سب کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے خاص طور پر باؤلرز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جیت کا کریڈٹ ہماری بولنگ لائن اپ کو جاتا ہے جنہوں نے شاندار کھیل پیش کیا۔

رضوان نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں کھیلنا اور جیتنا کوئی آسان کام نہیں تھا مگر ہماری ٹیم نے بہترین پرفارمنس دی، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے اچھا آغاز دیا اور ان کی کارکردگی نے ہمیں اعتماد دیا۔

انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے کچھ عرصہ سے اچھی کارکردگی کا فقدان تھا لیکن اس جیت نے ان کے لیے خاص اہمیت حاصل کی ہے۔

محمد رضوان نے مزید کہا کہ ہم اگلی ٹی 20 سیریز میں بھی بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے اور ہم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے سخت محنت کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سیریز کی کامیابی نے نہ صرف پاکستان کرکٹ ٹیم کی خوداعتمادی میں اضافہ کیا ہے بلکہ یہ اس بات کا بھی غماز ہے کہ ٹیم نے مستقبل میں مزید بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے اپنی تیاری کو بہتر کر لیا ہے۔

Leave a Comment