پرتگالی فٹبال کے لیجنڈ کرسٹیانو رونالڈو نے کرسمس کی چھٹیوں کے دوران فن لینڈ میں برفانی موسم کو ایک منفرد انداز میں انجوائے کرتے ہوئے اپنے مداحوں کے دل جیت لیے۔
عالمی شوہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ منفی درجہ حرارت میں برف سے گھیرے ہوئے سوئمنگ پول میں ڈبکی لگاتے نظر آ رہے ہیں۔
رونالڈو نے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں اپنے 14 سالہ بیٹے کرسٹیانو رونالڈو جونیئر کے ساتھ مزے کا وقت گزارتے ہوئے دکھایا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جونیئر رونالڈو پول کے کنارے کھڑے ہیں اور اپنے والد کی جراتمندانہ اقدام کو مسکراتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ اس دوران رونالڈو نے برفیلے پانی میں ڈبکی لگا کر مداحوں کو حیران کر دیا۔
رونالڈو نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر ایک وی لاگ میں کرسمس کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرسمس ان کے خاندان کے لیے ایک خاص موقع ہے کیونکہ وہ اس وقت کو مل کر انجوائے کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ وقت نہ صرف خوشیوں کا ذریعہ ہے بلکہ انہیں زندگی کی چھوٹی خوشیوں کی قدر کرنے کا موقع بھی دیتا ہے۔
ویڈیو شیئر ہوتے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، مداحوں نے رونالڈو کی جرات کو خوب سراہا۔ فینز نے کمنٹس میں ان کی ہمت اور منفرد انداز کو سراہا، جبکہ کچھ نے یہ بھی کہا کہ رونالڈو نے کرسمس کو مزید یادگار بنا دیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ ویڈیو ان کے مداحوں کے لیے نہ صرف تفریح کا باعث بنی بلکہ ان کے خاندان کے ساتھ کرسمس کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا بھی ذریعہ بنی