بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے اہم بیان دیا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے پاکستان میں شیڈول ہے،اس ٹورنامنٹ میں بھارتی ٹیم کی شرکت پر ابھی تک واضح فیصلہ نہیں آیا ہے۔
بھارتی میڈیا میں یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی اور ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ہو گا،جس میں بھارت کے میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
اس حوالے سے بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ دونوں کرکٹ بورڈز نے کرنا ہے،ہمارا کام ٹورنامنٹ میں حصہ لینا ہے،جہاں بھی بورڈ ہمیں بھیجے گا،ہم وہاں کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔اگر بورڈ نے پاکستان بھیجا تو ہمیں وہاں کھیلنے میں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔
روہت شرما نے مزید کہا کہ بھارتی ٹیم ہمیشہ اپنے بورڈ کے فیصلوں کا احترام کرتی ہے اور جہاں بھی ٹورنامنٹ ہوگا،وہ اس میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک بی سی سی آئی یا آئی سی سی کی جانب سے کوئی تحریری طور پر آگاہی نہیں دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کا واضح موقف ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی اور پاکستان نے اپنی تیاریوں کو جاری رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلؕئے پاکستان کا انعقاد کرانا کرکٹ کی دنیا میں ایک اہم سنگ میل ہوگا،تاہم بھارتی ٹیم کی شرکت پر ابھی تک غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔