سابق بھارتی کرکٹر اور کوچ انشومن گائیکواڈ کینسر کی طویل جنگ ہار گئے اور 71 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔انشومن گائیکواڈ کافی عرصے سے خون کے کینسر میں مبتلا تھے، بدھ کو وہ اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کافی عرصے سے لندن میں رہنے کے بعد سابق بھارتی کرکٹر ایک ماہ قبل ہی بھارتی شہر برودہ میں علاج کے لیے واپس آئے تھے۔
انشومن گائیکواڈ نے 1975ء سے 1987ء تک 40 ٹیسٹ اور 15 ون ڈے میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی۔
انہوں نے ٹیسٹ میں 1985 رنز بنائے جس میں ان کا سب سے بڑا سکور 201 پاکستان کے خلاف تھا۔ گائیکواڈ کو اکتوبر 1997ء میں بھارتی کرکٹ ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا تھا اورانہوں نے یہ ذمہ داری ستمبر 1999ء تک نبھائی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے سابق کرکٹر انشومن گائیکواڈ کے علاج کے لیے اپنی پنشن دینےکا اعلان کیا تھا