سابق کرکٹر سلیل انکولہ کی والدہ کا انتقال

میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈیا کے سابق کرکٹر سلیل انکولہ کی والدہ کے انتقال کی خبر سامنے آئی ہے۔ ان کی لاش پونے میں ان کے فلیٹ سے ملی۔ فی الحال پونے پولیس کی ایک ٹیم سلیل کے گھر پہنچ گئی ہے اور معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔
  سلیل انکولہ کی والدہ کی عمر 77 سال تھی۔ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم موت کی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول کی گردن پر وار کیا گیا تاہم گھر میں زبردستی کسی کے  داخل ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ یہ قتل کا معاملہ ہے یا کچھ اور؟
سلیل انکولہ نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ بھی شیئر کی ہے۔ انہوں نے ایک تصویر شیئر کرکے اپنی والدہ کی موت کی تصدیق کی۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا،  الوداع ماں۔
سلیل انکولہ کا بین الاقوامی کریئر صرف 21 میچوں تک  رہا۔ انہوں نے 15 نومبر 1989 ءکو پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا تھا۔
 اس میچ میں سچن ٹنڈولکر نے بھی پہلی بار شرکت کی۔ سلیل نے دونوں اننگز میں ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ تاہم ان کا پہلا ٹیسٹ میچ بھی ان کا آخری ثابت ہوا۔
 اس سابق کرکٹر نے بھارت کے لیے ون ڈے میں 20 میچ کھیلے۔ انہوں نے 1996 ء کے ورلڈ کپ میں بھی ہندوستان کی نمائندگی کی۔ بدقسمتی سے ٹیومر کی وجہ سے انہیں 1997 ء میں 29 سال کی کم عمری میں کرکٹ سے ریٹائر ہونا پڑا۔ انہوں نے 20 ون ڈے میچوں میں 13 وکٹیں حاصل کیں۔
سلیل انکولہ کا کیریئر صرف کرکٹ تک محدود نہیں تھا۔ انہیں ہمیشہ اداکاری کا شوق تھا اور کرکٹ چھوڑنے کے بعد انہوں نے بالی ووڈ کی دنیا میں قدم رکھا۔
 انہوں نے اپنے اداکاری کیرئیر کا آغاز 2000 ءمیں سنجے دت کے ساتھ فلم کروکشیترا میں سب انسپکٹر اویناش کا کردار ادا کرکے کیا۔ سلیل نے  چرا لیا ہے تم نے ، رویت، ایکتا اور دی پاور جیسی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔

 

Leave a Comment