سرکاری ملازمین کی پنشن پالیسی میں اہم تبدیلیاں

بلوچستان حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین اور افسران کی پنشن پالیسی میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نئی پالیسی وفاقی حکومت کی طرز پر نافذ کی گئی ہے، جس کا مقصد پنشن اخراجات کو بہتر طریقے سے منظم کرنا ہے۔

محکمہ خزانہ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فیملی پنشن کی میعاد 10 سال تک محدود کر دی گئی ہے۔ تاہم معذور بچوں کیلئے پنشن تاحیات دی جائے گی، جبکہ دیگر بچوں کو 21 سال کی عمر تک پنشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے پہلے ہی پنشن اصلاحات کا آغاز کیا تھا، جو موجودہ مالی سال میں بھرتی ہونے والے وفاقی سول ملازمین اور آئندہ مالی سال میں افواج کے ملازمین پر لاگو ہوں گی۔

وفاقی وزارت خزانہ کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ان کی سروس کے آخری 24 ماہ کی قابل پنشن تنخواہ کی اوسط پر کیلکولیٹ کی جائے گی۔علاوہ ازیں ’ڈبل پنشن‘ لینے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اب سرکاری ملازمین صرف ایک پنشن کے اہل ہوں گے۔

ذہن نشین رہے کہ یہ اصلاحات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط کے تحت اخراجات کی مینجمنٹ کو بہتر بنانے کیلئے متعارف کرائی گئی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں سے پنشن کے شعبے میں شفافیت آئے گی اور سرکاری اخراجات کو قابو میں رکھنے میں مدد ملے گی۔

Leave a Comment