سری لنکا نے دوسری بار ہانگ گانگ سپر سکسز ٹائٹل جیت لیا

سری لنکا نے ہانگ کانگ سپر سکسز کے فائنل میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ہانگ گانگ کے شہر مونگ کوک میں کھیلے گئے فائنل میچ میں سری لنکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کے اعزاز کو اپنے نام کیا، سری لنکن ٹیم نے باؤلنگ بیٹنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں عمدہ کارگردگی دکھائی جبکہ پاکستانی ٹیم تینوں شعبوں میں ہی ناکام دکھائی دی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 6 اوورز میں صرف 72 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا نے 5 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا، پاکستان کی پوری ٹیم 6 اوورز میں آؤٹ ہو گئی، پاکستان کی جانب سے محمد اخلاق ہی جم کر بیٹنگ کر سکے، انہوں نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ دیگر بلے بازوں میں صرف کپتان فہیم اشرف ہی 13 رنز سکور کر سکے ،ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں نہیں جا سکا، عامر یامین نے 6، آصف علی صفر اور حسین طلعت نے ایک رن بنایا۔

سری لنکا کی طرف سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سندون ویراکوڈی نے 34 رنز بنائے، دھننجایا لکشن اور تھرندو رتھنائیکے نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، کپتان لہورو مدھوشانکا نے بھی 19 رنز کی اہم اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی طرف سے فہیم اشرف نے 2 وکٹیں حاصل کیں، لیکن یہ کارکردگی ٹیم کی کامیابی کے لئے ناکافی ثابت ہوئی۔

قبل ازیں پاکستان نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، اور اس سے پہلے بھارت، یو اے ای اور جنوبی افریقہ کو بھی شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا، تاہم فائنل میں ان کی کارکردگی سری لنکا کے سامنے کچھ خاص نہ رہی

Leave a Comment