سعودی عرب: سیزنل ورک ویزوں کے اجراء کی مدت میں توسیع

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے سیزنل ورک ویزوں کے اجراء کی مدت میں توسیع کا اعلان کر دیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ سیزنل ورک ویزوں پر آنے والے 90 دن قیام کر سکیں گے، مدت ختم ہونے پر ان کے ویزوں میں مزید 90 دن کی توسیع ہو سکے گی۔

وزارت حج و عمرہ کا کہنا تھا کہ سیزنل ورک ویزوں کی فروخت پر 50 ہزار ریال تک جرمانہ عائد ہوگا، متعلقہ کمپنی یا ادارے کو حج عمرہ سروسز کے لیے 5 سال تک بلیک لسٹ کر دیا جائے گا یا پھر دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جا سکتی ہیں۔

یاد رہے کچھ روز قبل وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کیا جس کے مطابق آئندہ برس سرکاری سطح پر حج 10 لاکھ 75 ہزار روپے سے زائد کا ہوگا۔

وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے حج پالیسی 2025 کی منظوری دی۔ حج پالیسی 2025 کے مطابق آئندہ برس 1 لاکھ 75 ہزار پاکستانی عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔

حکومت اور پرائیویٹ آپریٹرز کو 89 ہزار 605 حجاج فی کس کا کوٹہ ملے گا جبکہ ایک ہزار کے قریب کوٹہ ہارڈ شپ کیلئے اور 300 حجاج کا کوٹہ ای او بی آئی کے تحت رجسٹرڈ کم آمدنی والے مزدوروں کیلئے مختص کیا جائے گا۔

عازمین حج کیلئے سعودی حکومت سے منظور شدہ ویکسین کو لازم قرار دیا گیا ہے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد ایئر پورٹ پر روڈ ٹو مکہ سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ محرم کے بغیر خواتین کو حج کرنے کیلئے اسلامی نظریاتی کونسل کی شرائط پر عمل درآمد کرنا ہوگا

Leave a Comment