قومی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اور بائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل ہوم گرائونڈ پر بہترین ٹیسٹ اوسط کے مالک پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں ۔ سعود شکیل جو بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی پہلی اننگز میں 141 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، وہ اب 11 ٹیسٹ میچز میں 65.17 کی اوسط سے 1108 رنز بنا چکے ہیں۔
28 سالہ سعود شکیل اب تک ہوم گرائونڈ پر 6 میچز میں 80.11 کی اوسط اور 2 سنچریوں اور 5 نصف سنچریوں کی مدد سے 721 رنز سکور کرچکے ہیں ، یہ پاکستانی میدانوں میں کم از کم 600 رنز سکور کرنے والے کسی بھی پاکستانی بیٹر کی ہوم گرائونڈ پر بہترین اوسط ہے۔
اس فہرست میں سابق ٹیسٹ کپتان بابر اعظم 14 میچز میں 67.77 کی اوسط سے 1491 رنز سکور کرکے دوسرے، سابق کپتان محمد یوسف 32 میچز میں 65.26 کی اوسط سے 3067 رنز بنا کر تیسرے، امام الحق 7 ٹیسٹ میچز میں 62.62 کی اوسط سے 814 رنز کے ساتھ چوتھے جب کہ سابق کپتان جاوید میانداد 60 میچز میں 61.38 کی اوسط سے 4481 رنز سکور کرکے پانچویں نمبر پر ہیں۔