ملک بھر میں سونے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر ہوشرُبا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونا نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق آج سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 3 لاکھ 3 ہزار روپے کی بلندی تک پہنچ گئی ہے۔
10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 429 روپے کا اضافہ ہوا،اس اضافے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 59 ہزار 773 روپے ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ عالمی سطح پر سونے کی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونے کی قیمت 42 ڈالر اضافے کے بعد 2903 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ایک تولہ چاندی کی قیمت 43 روپے اضافے کے بعد 3373 روپے پر پہنچ گئی ہے۔
سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور سونے کی خریداری میں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ قیمتوں کے اس اضافے سے کاروباری افراد کیلئے بھی مزید چیلنجز بڑھ گئے ہیں۔