سینٹرل کانٹریکٹ اور ٹیم سے باہر ہونا فخر زمان کے لیے سبق ہے : وسیم اکرم

قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ سینٹرل کانٹریکٹ اور ٹیم سے باہر ہونا فخر زمان کے لیے ایک سبق ہے۔ سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم وسیم اکرم نے میلبورن میں آن لائن پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ فخر زمان امپیکٹ پلئیر ہے، مجھے یقین ہے کہ سوشل میڈیا بیان فخر زمان نے نہیں لکھا، جس نے بھی لکھا اسے بتانا چاہیے تھا کہ سینٹرل کنٹریکٹ کی وجہ سے آپ کو مسئلہ ہو سکتا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ یہ فخر زمان کے لیے ایک سبق ہے، سوچ سمجھ کر سوشل میڈیا پر لکھنا چاہیے، پی سی بی کا اس معاملے پر اپ سیٹ ہونا بنتا تھا۔
ہوم ایڈوانٹیج کے لیے پچز بنانے پر تنقید کرنے والوں کے حوالے سے 58 سالہ وسیم اکرم نے کہا کہ ہمیں دشمنوں کی ضرورت نہیں، ہم خود ہی بہت ہیں، ہوم ایڈوانٹیج پر تنقید سمجھ سے باہر ہے، میں 5، 6 سال سے کہہ رہا ہوں کہ ٹرننگ پچز بناؤ، چاہے ہار جاؤ، شکر ہے کسی کو تو خیال آیا اور ہم نے مسلسل تین ٹیسٹ میچز ہارنے کے بعد مسلسل دو ٹیسٹ میچز جیتے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ خوشی ہے کہ 2026ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا گیا، شاہین آفریدی، نسیم شاہ سمیت دیگر کرکٹرز کھیل پر فوکس کریں، سوشل میڈیا کو چھوڑ دیں، کرکٹ کھیل کر گھر جائیں اور انجوائے کریں، بابر اعظم کو بھی کپتانی بھول جانی چاہیے، وہ کرکٹ کھیلیں اور رنز کریں۔

Leave a Comment