شوہر کا مبینہ تشدد، سٹیج اداکارہ نرگس تھانے پہنچ گئیں

نامور سٹیج اداکارہ و ڈانسر نرگس کو ان کے شوہر نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنا ڈلا جس پر اداکارہ تھانے پہنچ گئیں۔
پاکستان تھیٹر انڈسٹری کی معروف اداکارہ و ڈانسر نرگس کو ان کے شوہر انسپکٹر ماجد بشیر نے مبینہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، یہ واقعہ لاہور کے علاقے ڈیفنس سی میں پیش آیا جہاں دونوں میاں بیوی کے درمیان پیسوں کے تنازع پر جھگڑا ہوا۔

پولیس کے مطابق نرگس کو ان کے شوہر نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کے بعد نرگس نے گزشتہ رات تھانے کا رخ کیا لیکن ابھی تک انہوں نے کوئی باقاعدہ درخواست جمع نہیں کرائی۔

دوسری جانب نرگس کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کا شوہر ان پر مستقل تشدد کرتا ہے جس کی وجہ سے نرگس کی زندگی میں شدید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔

نرگس کی شادی انسپکٹر ماجد بشیر سے چند سال قبل ہوئی تھی اور اس کے بعد انہوں نے شوبز کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اپنا بیوٹی سیلون کھولا، اس کاروبار کے ذریعے انہوں نے اپنی خودمختاری قائم کی مگر ان کی ذاتی زندگی میں مسائل بڑھتے جا رہے ہیں۔

اہل خانہ کے مطابق، نرگس کی زندگی میں یہ تشدد کے واقعات کوئی نئی بات نہیں ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ نرگس کے اہلخانہ کی جانب سے ابھی تک کوئی باقاعدہ شکایت موصول نہیں ہوئی، اگر شکایت کی جاتی ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

نرگس کی اس صورتحال کو دیکھ کر ان کے مداحوں اور شوبز انڈسٹری میں بے چینی کی لہر دوڑ اٹھی ہے، کئی فنکار اور مشہور شخصیات بھی اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے نرگس کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ واقعہ نہ صرف نرگس بلکہ پاکستانی معاشرے میں بسنے والی خواتین کے حقوق اور تشدد کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت کو بھی اجاگر کرتا ہے

Leave a Comment