خیبرپختونخوا حکومت نے صحت کارڈ کے دائرے کار کو وسیع کرتے ہوئے اس میں لائف انشورنس شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے انصاف ڈاکٹر فورم کے وفد سے ملاقات کے دوران اس اہم فیصلے کا اعلان کیا ہے،ملاقات میں صحت کے شعبے میں اصلاحات،ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر سروسز کی بہتری اور ڈاکٹروں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ صحت کا شعبہ ہماری حکومت کی ترجیحاتی فہرست میں شامل ہے،ہم مقامی سطح پر علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے نچلی سطح کے مراکز صحت کو مستحکم کرنے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم صحت کارڈ سکیم کو مزید بہتر بنانے کیلئے اصلاحات کر رہے ہیں اور اس کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لائف انشورنس سکیم کے تحت عوام کو صحت کی خدمات کے ساتھ ساتھ انشورنس کے فوائد بھی حاصل ہوں گے،جو کہ سماجی تحفظ کا ایک منفرد منصوبہ ہے،صوبائی حکومت اس مقصد کیلئے اپنی انشورنس کمپنی قائم کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے وزیراعلیٰ نے بون میرو اور لیور ٹرانسپلانٹ کے منصوبوں کا آغاز بھی کیا ہے،انہوں نے ڈاکٹر کمیونٹی کے مشاورت سے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کرنے کا عزم ظاہر کیا۔