جدید دور میں اسمارٹ فون چارجنگ ٹیکنالوجی میں نمایاں بہتری آئی ہے، تاہم ابھی بھی زیادہ تر فونز کو مکمل چارج ہونے میں کم از کم ایک گھنٹہ لگتا ہے۔
لیکن اب ایک چینی کمپنی نے ایسی انقلابی ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو اسمارٹ فون کو محض 4 منٹ میں 100 فیصد چارج کر سکتی ہے۔
اس نئی ٹیکنالوجی کو 320 واٹ فاسٹ چارجنگ کا نام دیا گیا ہے، جس کی مدد سے اسمارٹ فونز کی بیٹری چند منٹوں میں صفر سے مکمل چارج ہوجاتی ہے۔ کمپنی نے اس کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے 4420 ایم اے ایچ کی بیٹری والے فون کو چارج کیا، جو 4 منٹ اور چند سیکنڈ میں مکمل چارج ہوگیا۔
اس ٹیکنالوجی پر گذشتہ دو سالوں سے کام ہو رہا تھا، جس کا مقصد ڈیوائس کی حفاظت، پاور مینجمنٹ، اور سائز کے درمیان توازن پیدا کرنا تھا۔
اس ٹیکنالوجی کی خاص بات یہ ہے کہ اس کا چارجر ایک منٹ میں فون کو 0 سے 26 فیصد جبکہ 2 منٹ میں 50 فیصد تک چارج کر سکتا ہے۔
اس چارجر کو “320 واٹ سپر سونک چارج” کا نام دیا گیا ہے، اور اسے “پاکٹ کینن” کے نام سے جانا جائے گا۔ یہ چارجر موجودہ تمام چارجنگ پروٹوکولز جیسے یو ایف سی ایس، پی ڈی اور سپر وی او او سی کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا۔
مزید برآں، کمپنی نے ایک نیا وولٹیج ٹرانسفارمر بھی متعارف کرایا ہے، جسے “ائیر گیپ” کا نام دیا گیا ہے۔
یہ ٹرانسفارمر چارجنگ کے دوران بیٹری کو مختلف مسائل جیسے سرکٹ بریک ڈاؤن سے محفوظ رکھے گا، اور ضرورت پڑنے پر وولٹیج کو 20 واٹ تک محدود کر دے گا تاکہ بیٹری کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
اس جدید ٹیکنالوجی کے حوالے سے کمپنی نے مزید وضاحت نہیں کی کہ آیا یہ چارجنگ ٹیکنالوجی موجودہ اسمارٹ فونز کے لیے دستیاب ہوگی یا نہیں، اور کب تک اسے کسی اسمارٹ فون کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔