دنیا بھر میں پاسپورٹس کی طاقت کے حوالے سے ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جاری کردہ فہرست میں سنگاپور کے پاسپورٹ کو سب سے طاقتور قرار دیا گیا ہے۔
سنگاپور کے حامل افراد 195 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔یہ ایک بڑا اعزاز ہے جو سنگاپور کی عالمی حیثیت اور مضبوط سفارتی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
جاری کردہ فہرست کے مطابق دوسرے نمبر پر فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور اسپین کے پاسپورٹس ہیں،جن کے ذریعے ان ممالک کے شہری 192 ممالک میں ویزا فری رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔
تیسرے نمبر پر آسٹریا، ڈنمارک، جنوبی کوریا، فن لینڈ، آئرلینڈ، لگسمبرگ، سویڈن اور نیدرلینڈز کے پاسپورٹس ہیں جو 191 ممالک میں ویزا فری داخلے کی اجازت دیتے ہیں۔
چوتھے نمبر پر بیلجیئم،برطانیہ،سوئٹزر لینڈ،نیوزی لینڈ اور ناروے کے پاسپورٹ ہیں،جبکہ آسٹریلیا اور پرتگال مشترکہ طور پر 5 ویں نمبر پر ہیں،جن کے پاسپورٹس 189 ممالک میں ویزا فری رسائی دیتے ہیں۔
یونان اور پولینڈ 188 ممالک کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں،جبکہ کینیڈا، ہنگری، مالٹا اور چیک ریپبلک کے پاسپورٹس 187 ممالک میں ویزا فری سفر کی اجازت دیتے ہیں۔
امریکہ کا پاسپورٹ 186 ممالک میں ویزا فری رسائی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہا۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کے ممالک، جیسے متحدہ عرب امارات اور دیگر نے بھی اس فہرست میں اچھی درجہ بندی حاصل کی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس میں شمار کیا گیا ہے،جو 102 ویں نمبر پر ہے۔پاکستان کے پاسپورٹ کے حامل افراد کو صرف 33 ممالک میں ویزا فری داخلے کی اجازت ہے۔پاکستان کے ساتھ یمن بھی اسی درجہ بندی میں شامل ہے، جبکہ عراق (103)، شام (104) اور افغانستان (105) نیچے ہیں۔