وزیراعظم شہباز شریف نےملک کے 10 لاکھ طلبہ و طالبات کو اسمارٹ فونز فراہم کرنے کے منصوبےکا اعلان کر دیا ہے۔
یہ اسمارٹ فونز میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے، جس کا مقصد نوجوان نسل کو جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور حکومت ان کی بھرپور حمایت کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ تعلیم میں جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ایک ہزار گریجویٹس کو زراعت کے شعبے میں جدید تعلیم کے لیے چین بھیجا جا رہا ہے تاکہ وہ وہاں سے سیکھ کر پاکستان میں زراعت کے میدان میں انقلاب لا سکیں۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب کے دوران ہاکی اور نیزہ بازی جیسے کھیلوں کی اہمیت پر بھی بات کی اور قومی ہیرو ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ہاکی کے کھیل کو دوبارہ بلندیوں پر لے جانے کے لیے بھرپور کوششیں کرے گی۔
مزید برآں، وزیراعظم نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہواوے کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا گیا ہے، جس کے تحت سالانہ 2 لاکھ بچوں کو آئی ٹی کے میدان میں تربیت فراہم کی جائے گی، تاکہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی مہارتیں حاصل کرنے کا موقع مل سکے۔