عالمی بینک نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ پانچ سالوں میں پاکستان کو 8 ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کرے گا تاکہ ملک میں مختلف ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا سکیں۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق، عالمی بینک کے تعاون سے پاکستان میں 58 منصوبوں پر کام جاری ہے، جن کی مجموعی لاگت 14 ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔
ان میں سے پاکستان کو اب تک 6 ارب 16 کروڑ ڈالر مل چکے ہیں۔ آنے والے برسوں میں عالمی بینک مزید 8 ارب 70 کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کرے گا۔
داسو ہائیڈرو پاور پروجیکٹ فیز ون کے لیے ایک ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کی جائے گی جبکہ داسو ٹرانسمیشن لائن منصوبے کے لیے 70 کروڑ ڈالر کا قرض ملے گا۔
اس کے علاوہ، سندھ فلڈ ایمرجنسی بحالی منصوبے کے لیے 50 کروڑ ڈالر، سندھ میں ہاؤسنگ کے منصوبے کے لیے 50 کروڑ ڈالر، اور خیبرپاس اکنامک کوریڈور منصوبے کے لیے 46 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا میں ہائیڈرو اور قابل تجدید توانائی کے منصوبے کے لیے 45 کروڑ ڈالر، اخراجات اور ترقیاتی منصوبے کے لیے 40 کروڑ ڈالر، اور اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے منصوبے کے لیے 40 کروڑ ڈالر قرضہ ملے گا۔
پنجاب کے دیہی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کے لیے 44 کروڑ ڈالر اور تربیلا فور توسیعی منصوبے کے لیے 39 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ شامل ہے۔
کے پی کے میں دیہی علاقوں تک رسائی کے منصوبے کے لیے 30 کروڑ ڈالر اور نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروجیکٹ فیز ون کے لیے 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔
یہ فنڈز ملک میں اہم ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں معاون ثابت ہوں گے اور پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مددگار ہوں گے۔